وزیراعظم عمران خان سے یاسر شاہ کی ملاقات‘ شکست کی وجوہات بتائیں
لاہور (نمائندہ سپورٹس) وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو 82سال پرانا ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دی۔ قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ،وزیر اعظم نے قومی لیگ سپنر کو 200ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے پر مبارک باد دینے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کی وجوہات بھی پوچھیں ، یاسر شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ قومی ٹیم کے بلے باز مخالف ٹیم کے سپنرز کو کھیلتے ہوئے مشکلا ت کا شکار ہوجاتے ہیں جس پر کام کرنیکی ضرورت ہے۔یادرہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو آسٹریلوی کھلاڑی کلیری گرمٹ کا 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارکبادبھی دی تھی۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے یاسر شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’یاسر شاہ نے 200 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل 33 میچوں میں عبور کرکے دنیا کے تیز ترین بولر ہونیکا اعزاز حاصل کیا،عمران خان نے یاسر شاہ کی کارکردگی کو ’’بہترین ‘‘ قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ’گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے ایک ٹیسٹ میں 14 وکٹ کا میرا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا۔یاسر شاہ متحدہ عرب امارات میں بھی100ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنیوالے پہلے باولر بنے ہیں جبکہ یواے ای میں ٹیسٹ میچ میں بہترین باولنگ کا ریکارڈ بھی انکے نا م ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کرک دیکھنے کیلئے وقت نہیں ملتا البتہ اپ ڈیٹ لیتا رہتا ہوں ‘میری نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں ۔