صحت کیلئے مختص بجٹ اورنج لائن ٹرین پر لگانے کیخلاف ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں صحت کے لئے مختص بجٹ کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کی نذر کرنے سے روکنے کے لئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ محمد اظہر صدیق کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے صحت کے لئے مختص بجٹ کو اورنج لائن ٹرین منصوبے پر لگانا شروع کر دیا ہے۔ صحت کا بجٹ نہ ہونے سے خناق کی ادویات ہسپتالوں سے غائب ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 22 سے زائد بچے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اسمبلی کی منظوری کے بغیر صحت کے لئے مختص رقم اورنج ٹرین پر صرف کرنے کے احکامات دینے کا کوئی آئینی اور قانونی اختیار حاصل نہیں ہے۔