کراچی: مقابلوں میں 4 دہشت گرد ہلاک 40 مشتبہ افراد اور بابا لاڈلا کا چھوٹا بھائی گرفتار، شکار پور بم دھماکے کے منصوبہ ساز سمیت 4 دہشت گرد پکڑے گئے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹائون میں گزشتہ رات پولیس مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایس پی علی آصف کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، ہلاک دہشت گردوں سے بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ دریں اثنا مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دریں اثنا پولیس نے گینگ وار کے مطلوب ملزم بابا لاڈلا کے چھوٹے بھائی زاہد لاڈلا کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین نے اس حوالے سے بتایا کہ زاہد لاڈلا ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری سمیت دستی بم حملوں اور راکٹ حملوں سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب ہے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دوسری طرف کراچی میں پولیس نے شکار پور بم دھماکے کے منصوبہ ساز سمیت چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں افغانستان میں سرگرم بلوچ شدت پسند گروہ جنود افدا کا بم بنانے کا ماہر بھی شامل ہے۔ پولیس نے ملزموں سے بم بنانے کے فارمولے سمیت ٹینک شکن بارودی سرنگ بھی برآمد کی ہے۔ ایس ایس پت مظہر مشوانی نے بتایا کہ محمد انور عرف مولودی عبداللہ کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 25 لاکھ روپے کا اعلان کر رکھا تھا۔ ملزم نے لشکرِ جھنگوی کے رہنما آصف چھوٹو اور حفیظ پندرانی کیساتھ ملکر شکار پور میں امام بارگاہ میں خودکش بم دھماکے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ بی بی سی کے مطابق شکار پور کی امام بارگاہ میں 30 جنوری کو ایک خودکش بم دھماکے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے دو ملزمان غلام رسول اور خلیل بروہی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے انسدادِ دہشت گردی شعبے کے مطابق گرفتار ملزم انور، شکار پور میں گرفتار خلیل بروہی کا قریبی ساتھی ہے۔ شکار پور دھماکے کے علاوہ عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے لیے بھی بارود اسی نے ہی فراہم کیا تھا۔ اس کے علاوہ منظور احمد عرف معاویہ، عبدالحمید عرف سلطان اور عبداللطیف گرفتار ہونیوالوں میں شامل ہیں۔