
لاہور: کامن ویلتھ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں سونے کا تمغہ اپنے نام کرنے والے اولمپین ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ائیرپورٹ پر قومی ہیرو کا شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنے والے ارشد ندیم ترکش ائیر لائن کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقعے پر ان کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔اولمپین ارشد ندیم کے اہلِ خانہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ، وزیرِ کھیل پنجاب ملک تیمور مسعود، ڈی جی اسپورٹس طارق قریشی اور ڈائریکٹر سیّد حمیر شاہ سمیت دیگر نے قومی ہیرو کا بھرپور استقبال کیا اور انہیں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔
اس موقعے پر اولمپین ارشد ندیم کو گلدستے اور پھول بھی پیش کیے گئے۔ ائیرپورٹ کے باہر پرستار جمع ہو گئے اور ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستانی عوام کا ممنون ہوں، اللہ کا شکر ہے کہ آج مجھے 2 گولڈ میڈل ملے۔ہمیشہ سپورٹ کرنے پر کوچز فیڈریشن کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ارشد ندیم نے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں عالمی معیار کی تربیت دی جائے اور ایتھلیٹس کیلئے الگ میدان بھی مہیا کیا جائے۔ وزیرِ کھیل ملک تیمور مسعود کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ایتھلیٹس کو بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے عالمی معیار کا گراؤنڈ میاں چنوں میں بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ارشد ندیم نے ترکی کے شہر قونیہ میں 2022 کے اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا، ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ارشد ندیم نے دوسرا گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
پہلی باری میں 79.40 کی تھرو کے بعد دوسری باری میں ملک کے مایہ ناز اولمپین ارشد ندیم نے 88.55 کی تھرو کی جو اسلامک گیمز کی سب سے بڑی ریکارڈ تھرو ہے۔ یہی ان کی بہترین تھرو رہی۔اس کے بعد کی تین باریوں میں ارشد ندیم نے 75.50، 82.40 اور 83.33 کی تھروز کیں تاہم کوئی دوسرا ایتھلیٹ ارشد کو پیچھے نہ چھوڑ سکا یوں انہوں نے ان مقابلوں میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔