وزیراعلیٰ پنجاب کا بی اے تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان
پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ بچوں کیلئے اپنے سابقہ دور میں متعدد ادارے بنائے۔میٹرک تک تعلیم مفت کی اب گریجوایشن تک تعلیم کو مفت کریں گے اور خصوصی بچوں کے اداروں میں بھی اضافہ کرینگے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اپنے سابقہ دور میں صوبہ پنجاب کی ترقی اور عوامی‘ سماجی فلاح کے بے شمار منصوبے مکمل کئے جو آج بھی جاری و ساری ہیں۔ 1122 ان کا قابل ستائش منصوبہ ہے جسے ہر دور حکومت میں جاری رکھا گیا اور آج بھی دکھی انسانیت اس سے مستفید ہو رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں ادویات کی مفت فراہمی بھی وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کے دور میں شروع کی گئی تھی جبکہ اپنے سابق دور میں انہوں نے تعلیم کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے پنجاب بھر میں میٹرک تک تعلیم کو مفت کرکے عام طبقہ کو بنیادی تعلیم کی سہولت فراہم کی اور اب موجودہ دور میں انہوں نے بی اے تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا یہ اقدام قابل ستائش ہے جس کی ملک کے دوسرے صوبوں کو بھی تقلید کرنی چاہیے تاکہ مفت تعلیم کی سہولت سے فائدہ اٹھا کر غریب طبقہ بھی زیورتعلیم سے آراستہ ہو سکے اور ملک کی شرح خواندگی میں اضافہ ہو جو دور حاضر کا اہم تقاضا بھی ہے۔ اسکے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی بچوں کے اداروں میں اضافہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس وقت پنجاب سمیت ملک بھر میں سرکاری سرپرستی میں بے شمار فلاحی ادارے کام کر رہے ہیںجہاں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔ انہیں اپ گریڈ کرکے دور حاضر کے تقاضوں کے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خصوصی بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا ایسے اداروں میں اضافہ کرنے کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔