رضویہ پولیس کی لاپرواہی ‘ملزم فرار
کراچی (آئی این پی)رضویہ پولیس کی لاپرواہی کے باعث ملزم لاک اپ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایس ایس پی کے حکم پر ہیڈ محرر کو گرفتار کرلیا گیا ، پولیس نے ڈیوٹی افسر سمیت 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔رضویہ پولیس نے فرار ملزم مائیکل عرف کارو ولد جاوید مسیح کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 241/2019 زیر دفعہ 23-1/A تھانہ رضویہ میں درج ہوا تھا، ملزم گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ہی لاک اپ سے فرار ہو گیا۔ ملزم کے فرار کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، ملزم کے فرار کی اطلاع اعلیٰ حکام کو ملتے ہی ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے حکم پر رضویہ پولیس نے ہیڈ محرر عمران بٹ، ڈیوٹی افسر سب انسپکٹر عبدالستار چوہان اور سپاہی وقار کے خلاف مقدمہ درج کر کے ہیڈ محرر عمران بٹ کو گرفتار کرلیا۔