کشمیر ایشوپرٹرمپ کارڈ وفاقی حکومت کو ذلت نہ بچاسکا:مسرت نیازی
کراچی(سٹی نیوز) ہندوستانی حکومت کا حالیہ اقدام صرف مظلوم کشمیریوں ہی نہیں بلکہ عالمی حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ اورممالک عالم کی اکثریت کا تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے جسے صرف اورصرف باشندگان کشمیر کی رائے ہی کی بنیاد پر حل کیاجاسکتا ہے۔ ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی سینئر رہنما ماہر تعلیم نیازی گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی چیئرپرسن مسرت نیازی نے کراچی جنوبی میں شعبہ خواتین کی کارکنان کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکمران نہ بھولیں کہ وہ پاکستانیوں کو بالجبر جنگ کی سمت دھکیل رہے ہیں لیکن اس کا منطقی نتیجہ ہندو مت کا اس دنیا سے مکمل خاتمہ بھی ہوسکتا ہے۔ پاکستان کو نقصان ہوگا لیکن اس سے مسلمان دنیا سے مٹ نہیں جائیں گے لیکن ہندوستان کی شکست کی صورت میں ہندو مت صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ مسرت خان نیازی نے موجودہ وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان نے کشمیر کو ضم کرنے کا منصوبہ بنالیاتھا۔ نریند ر مودی کی انتخابی مہم کا حصہ ہونے کے باعث عالمی طاقتوں سمیت پاکستانی قیادت بھی اس سے لاعمل نہیں تھی مگر ہماری بدترین خارجہ پالیسی کا خمیازہ مظلوم کشمیریوں کو بھگتنا پڑا۔