بھارت کی مزید تقسیم کا وقت آن پہنچا:پیر عرفان شاہ مشہدی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہلسنت پیر سید عرفان مشہدی نے کہا ہے کہ اب وہ دور نہیں جب یہ نعرہ حقیقت بنے گا کہ’’ کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘اور ہم کشمیری عوام کی آزادی کا جشن کشمیر جا کر منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جماعت اہلسنت کی 5 سالہ پاکستان زندہ باد ریلی جو کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مخصوص کی گئی تھی، کے موقع پر کیا۔ ریلی میں نوجوانوں، بزرگوں، جماعت کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ پیر سید عرفان مشہدی نے کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات انڈیا کی تقسیم کیلئے کافی ہیں۔ ہم 370 اور 35 کی معطلی کی پروا نہیں کرتے اور نہ ہی اس کے پابند ہیں۔ انڈیا کے ان اقدامات سے کشمیر کا مسئلہ اور اجاگر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا عالمی برادری کے رویہ پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے، ہمیں کسی اور کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنا کیس خود لڑنا چاہئے اور ایک متفقہ زوردار موقف دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے، پاکستان علمائے کرام اور مشائخ عظام کی قربانیوں کا ثمر ہے اور ہم ان کے حقیقی وارث ہیں۔ تقریب سے قاضی عبدالغفار قادری، پیر سید سیف اللہ شاہ، محمد کامران عرفانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام داتا دربار پر کشمیر کے عوام اور پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔