عید گزرنے کے باوجود پھل اور سبزیوں کی کئی گناہزائد نرخوں پر فروخت
لاہور ( کامرس رپورٹر) عید الاضحی گزرنے کے باوجود لاہور میں پرچون سطح پر سبزیوں، پھلوں اور مرغی کے گوشت کی کھلے عام مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔ حکومتی اداروں کی جانب سے موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث دکانداروں نے گراں فروشی کی انتہا کر دی۔ پیاز کی سرکاری قیمت 54 کی بجائے 85، لہسن 160 کی بجائے 210 روپے کلو فروخت ہوتا رہا۔ ادرک چائنہ 400روپے تک فروخت کیا گیا جس کی قیمت 305روپے تھی، ایک کلو ٹماٹر56 کی بجائے 100 روپے کلو، کریلے 48 کی بجائے 70 روپے، لیموں 76 کی بجائے 120 روپے کلو فروخت کئے گئے سبز مرچ، شملہ مرچ، پودینے کی بھی من مرضی کی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ پھلوں میں ایک کلو سیب وانا130روپے تک فروخت کیا گیا جس کی قیمت 67روپے تھی ، سیب گاچہ116 کی بجائے 200روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔ کیلا، آڑو، انگور، گرما، آم بھی اصل قیمت سے کئی گناہ زائد پرفروخت کیا گیا۔ اس طرح برائلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 299روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے صارفین کو ایک کلوبرائلر مرغی کا گوشت 325روپے تک فروخت کیا۔