کشمیر بنے گا پاکستان نعرہ جلد حقیقت بنے گا: خواتین سیاسی رہنما
لاہور (لیڈی رپورٹر) مختلف سیاسی جماعتوں کی خواتین رہنماؤں نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جلد حقیقت بنے گا، مودی جو چاہے کرلے کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، ہم بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منا کر دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ دنیا نوٹس لے اور انسانی حقوق کے علمبردار نیند سے بیدار ہوکر بھارتی حکمرانوں کو ہوش دلائیں۔ جنگ ہوئی تو ساری دنیا ذمہ دار ہوگی۔ یوم سیاہ کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو میں تحریک انصاف کی ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد، شنیلا روت اور شمسہ علی نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میںاپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بھارت یاد رکھے اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔ مسلم لیگ ن کی رہنماؤںنزہت عامر صادق، شائستہ پرویزملک، راحیلہ خادم حسین اور زرقا جاوید نے کہا کہ مودی اپنے عزائم سے باز آجائے ۔ جان سے گزر جائیں گے مگر کشمیر پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھایا جائے ۔ق لیگ کی خدیجہ فاروقی اور ماجدہ زیدی نے کہا کہ بھارت نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤں ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹرحمیرا طارق اور دردانہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کشمیر کے بغیر نامکمل ہے کشمیر کی آزادی اب نوشتہ دیوار ہے ،پیپلز پارٹی کی رہنماؤں بیلم حسنین اور نجمی سلیم نے کہا کہکشمیر یوں پر کرفیو کا نفاذ انہیں کچلنے کی سازش ہے مگر کوئی مائی کا لال کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔