ڈاکوئوں کی مختلف علاقوں میں وارداتیں، شہری لاکھوں روپے کی نقدی و سامان سے محروم
لاہور (نمائندہ خصوصی) شہر میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے کی نقدی، گاڑیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں ڈاکو گھر میں گھس کر اختر اور اس کے اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 2 لاکھ 40 ہزار مالیت کی نقدی طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ گرین ٹائون کے علاقے میں 2 موٹرسائیکل سوار ڈاکو فیصل اور اس کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 1 لاکھ 65 ہزار روپے نقدی طلائی زیورات، ستوکتلہ کے علاقے میں عدیل اور اس کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 75 ہزار روپے نقدی، طلائی زیورات، قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں ڈاکو عابد اور فیملی سے 50 ہزار روپے نقدی طلائی زیورات ، رائے ونڈ کے علاقہ میں ڈاکو محمود اور فیملی سے 70 ہزار روپے نقدی و طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ ہنجروال سے گاڑی اور مستی گیٹ ، لاری اڈہ، ہڈیارہ ، اکبری گیٹ، سول لائن، ماڈل ٹائون اور نواں کوٹ کے علاقے سے موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔