یوم سیاہ پرریلیوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے :ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(نامہ نگار) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گزشتہ روز 15اگست کو یوم سیاہ کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔ لاہور میں یوم سیاہ کا مرکزی پروگرام اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد تھا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید دیگراعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنزلاہور اسماعیل الرحمٰن کھاڑک،ایس پی سکیورٹی لاہور محمد نوید،ایس پی سول لائنز سمیت ڈویڑنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔لاہور پولیس نے کشمیر ریلی کے شرکاء کو بھرپورتحفظ فراہم کرنے کے لئے سکیورٹی پلان مرتب کیا جس کے مطابق 7 ایس پیز،19 ایس ڈی پی اوز،40 انسپکٹرز،145اَپر سب آرڈینیٹس اور2500 سے زائد پولیس افسران و جوانوں نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرریلی کے شرکاء کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ریلی میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کو تین درجاتی سکیورٹی حصار سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی ریلی میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔