بھارت سات دہائیوں میں کشمیریوں کا جذبہ حریت دبانے میں ناکام رہا:پیر معصوم نقوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سیدمحمد معصوم حسین نقوی کی زیر صدارت" کشمیر بنے گا پاکستان کانفرنس" منعقد ہوئی ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ 72سال سے کشمیریوںکی تحریک آزادی کو دبایا جارہا ہے۔ نہ صرف کشمیر ی ، بلکہ بھارت کے اندر بسنے والی اقلیتوں کا بھی جینا دوبھر کردیا گیا ہے۔بلکہ ہندو فاشزم کی وجہ سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایک عرصے سے جاری تھیں اوربھارتی سیکولر ازم بے نقاب ہو چکا ہے۔لیکن عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے ۔ 72 سال کے عرصے میں مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا، عالمی بے ضمیری کی بدترین مثال ہے اور ظالم بھارت کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہا ہے ۔