لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج کیا جائے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیرصدارت اجلاس ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔اجلاس میں نو منتخب ارکان خفیہ ووٹنگ کے ذریعے سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب کریں گے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اسپیکر کے لئے امیدوار چوہدری پرویز الہی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے اسپیکر کے لئے امیدوار چوہدری اقبال گجر میدان میں ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری جبکہ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی اسپیکر کے لئے وارث کلو امیدوارہیں۔پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کے 176 اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں 162 ارکان ہیں، پیپلزپارٹی کے 7 ارکان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی نہ مسلم لیگ ن اور نہ ہی تحریک انصاف کے امیدوار ووٹ دے گی۔ راہ حق پارٹی کا ایک رکن اور 3 آزاد بھی اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں ووٹ کا حق استمعال کریں گے۔
خیال رہے پنجاب کی 17 ویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے گزشتہ روز حلف اٹھا لیا، سپیکر رانا محمد اقبال نے ان سے حلف لیا۔ لیگی ارکان نے سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں سے 354 نو منتخب ارکان نے حلف لیا، چودھری نثار، عظمیٰ قادری اور میاں جلیل سمیت 5 نومنتخب ارکان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی نہ پہنچ سکے، 6 حلقے نشستیں چھوڑنے پر خالی ہو گئے 3 پر الیکشن ہی نہیں ہوا اور الیکشن کمیشن نے 3 حلقوں کے رزلٹ روک رکھے ہیں۔