افغانستان: ایجوکیشن سنٹر پر خودکش دھماکہ، اآئربیس پر حملہ، 112 جاں بحق
کابل (اے ایف پی‘ آن لائن) افغانستان میں ایجوکیشن سنٹر پر خودکش دھماکے، چیک پوسٹ اور ائربیس پر حملوں میں طلبہ و طالبات، اہلکاروں سمیت 112 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے۔ کابل کے مغربی علاقے میں خودکش حملے کے نتیجے میں طلبا،و طالبات سمیت 60 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہو گئے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا کہ خودکش بمبار نے دشت بارچا کے علاقے میں ایک نجی تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا، جہاں نوجوان طلباء و طالبات یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کر رہے تھے۔ خودکش دھماکے سے قبل حملہ آوروں اور افغان گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس ترجمان حشمت استانکزئی نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور پیدل آیا تھا جس نے خود کو تعلیمی ادارے کے اندر دھماکے سے اڑا لیا۔ شہر کی علما کونسل کے رکن جواد گھواری نے حملے کا الزام دہشت گرد تنظیم 'داعش' پر لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اس سے قبل بھی ہماری مساجد، سکولوں اور ثقافتی مراکز پر حملے کر چکی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ طالبان کی جانب سے چیک پوسٹ اور ایئربیس پر 2 حملوں میں 52 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں کابل اورقندھارکے درمیان ہائی وے پر چیک پوسٹ کو طالبان کی جانب سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ کچھ ہی لمحوں بعد افغانستان کے صوبے بغلان میں علاؤالدین ایئربیس پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں افغان سکیورٹی فورسز کے 45 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں 4 حملہ آور مارے گئے اور 8 گرفتارکرلیے گئے جب کہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔