پارلمینٹ کو فیصلوں، پالیسیوں کا محور ہونا چاہئے، عوامی مسائل اٹھائیں گے: بلاول
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوامی مسائل حل کر سکتی ہے، ایوان کو فیصلوں اور پالیسیوں کا محور و مرکز ہونا چاہئے یہیں قومی ایشوز پر بات ہو سکتی ہے۔ عوام کو پارلیمنٹ سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی قومی اسمبلی میںاپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرے گی اور عوامی مسائل پر بات چیت کی جائے گی، ایشوز کو اٹھایا جائے گا۔ پارلیمنٹ عوامی مسائل حل کر سکتی ہے اور یہیں پر بات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی خوشی ہے کہ تمام جمہوری قوتیں پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔ سب اپنا عوامی مسائل پر کردار ادا کریں۔