سماعت روکنے کی استدعا مسترد، پی ٹی آئی کو 7 ستمبر تک پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات دینے کا آخری موقع، ورنہ یکطرفہ کاروائی کرینگے: الیکشن کمشن
الیکشن کمشن نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو سات ستمبر تک پارٹی ٰفنڈنگ کی تمام تفصیلات پیش کرنے کا آخری موقع دیدیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اکبر شیر بابر کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور خان نے درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک کارروائی روک دے کیونکہ سپریم کورٹ میں بھی یہ کیس زیر سماعت ہے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی گزشتہ تین برسوں سے معاملہ کو التواءکا شکار کررہی ہے۔ الیکشن کمشن نے 21 حکم جاری کیے ہیں مگر ان میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا اور ابھی تک پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات نہیں دی جا رہیں۔درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل کا کہنا تھا سپریم کورٹ میں زیر سماعت حنیف عباسی اور ہمارے کیس کی نوعیت بالکل مختلف ہے جبکہ پی ٹی آئی نت نئے طریقہ سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم نہیں کررہی اور تفصیلات دینے کی بجائے ہر بار پی ٹی آئی نئی درخواست لے کر آ جاتی ہے۔ الیکشن کمشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو کچھ دیر بعد سنا دیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن پی ٹی آئی کی درخواست کو خارج کرتا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے تمام غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات سات ستمبر تک پیش کی جائیں۔ کمشن نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ الیکشن کمشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کی آخری مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے پارٹی فنڈز کی تفصیلات الیکشن کمشن کے سامنے بھی پیش کرے۔ الیکشن کمشن کا کہنا تھا پی ٹی آئی سات ستمبر تک اپنے پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات ہر صورت فراہم کرے بصورت دیگر الیکشن کمشن یکطرفہ کارروائی کر سکتا ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اسے کارروائی سے نہیں روکا گیا۔ اگر پی ٹی آئی کو اعتراض ہے تو سپریم کورٹ جا کر کہے کہ ہمیں کارروائی سے روک دے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن سے کہہ دیا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے , جو کیس چل رہا ہے اس پر الیکشن کمشن سپریم کورٹ میں رائے نہیں دے سکتا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ جو کیس چل رہا ہے اس پر الیکشن کمشن سپریم کورٹ میں رائے نہیں دے سکتا۔ تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا عمران خان نے پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی اور وہ صرف اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔