الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کر دی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے سات ستمبر تک پارٹی ٰفنڈنگ کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں. چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن اکبر شیر بابر کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔بدھ کے روز پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور خان نے درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک تک کارروائی روک دے کیونکہ سپریم کورٹ میں بھی یہ کیس زیر سماعت ہے .انور منصور کا کہنا تھا کہ کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کیس پر کارروائی روک دے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی گزشتہ تین سالوں سے معاملہ کو التواء کا شکار کررہی ہے ,الیکشن کمیشن نے 21 حکم جاری کیے ہیں مگر ان میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا اور ابھی تک پارٹی اکائونٹس کی تفصیلات نہیں دی جا رہیں۔درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت حنیف عباسی اور ہمارے کیس کی نوعیت بالکل مختلف ہے جبکہ پی ٹی آئی نت نئے طریقہ سے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم نہیں کررہی اور تفصیلات دینے کی بجائے ہر بار پی ٹی آئی نئی درخواست لے کر آ جاتی ہے, الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو کچھ دیر بعد سنا دیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے غیر ملک فنڈنگ کیس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی درخواست کو خارج کرتا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے تمام غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات سات ستمبر تک پیش کی جائیں. کمیشن نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کی آخری مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے پارٹی فنڈز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے سامنے بھی پیش کرے .الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سات ستمبر تک اپنے پارٹی اکائونٹس کی تفصیلات ہر صورت فراہم کرے بصورت دیگر الیکشن کمیشن یکطرفہ کارروائی کر سکتا ہے. الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اسے کارروائی سے نہیں روکا گیا ,اگر پی ٹی آئی کو اعتراض ہے تو سپریم کورٹ لے جا کر کہے کہ ہمیں کارروائی سے روک دے۔