سندھ میں نیب آرڈیننس کا اطلاق ختم ہو چکا ہے، کیس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا: ڈاکٹرعاصم حسین
کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر ملزمان کے خلاف چار سو باسٹھ ارب روپے کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ڈاکٹرعاصم کے وکیل نے کہا کہ جو دستاویزات نیب کے گواہ نے دی ہیں وہ ہمیں فراہم نہیں کی گئیں جبکہ جو اضافی دستاویزات دی گئیں ہیں وہ انڈیکس سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے دستاویزات کی فراہمی اورجواب جمع کروانے کے لیے مہلت طلب کی۔ عدالت نے وکیل صفائی کا مؤقف سننے کے بعد ریفرنس کی مزید سماعت انیس اگست تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ نیب آرڈیننس کا سندھ میں اطلاق ختم ہوگیا ہے، فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس پیکیج کا اعلان کیا ہے،اس کی زیادہ رقم کے ایم سی کوملے گی, وفاق کی کے ایم سی کے ساتھ زیادہ دوستی ہے۔