کشمیری قوم پر ایک خطرناک جنگ مسلط کرکے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے: سید علی گیلانی
کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری قوم پر ایک خطرناک جنگ مسلط کرکے ایک منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ ایک بیان میں علی گیلانی نے دو معصوم نوجوانوں اویس احمد اور محمد سعید کو قتل جبکہ تیس سے زائد افراد کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کا Genocideقرار دیا۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ کا بیان جس میں انہوں نے کہاہم کشمیر میں اس کے پائیدار حل کے لیے کام کررہے ہیں ، ہمارے الزام کو صحیح ثابت کرتا ہے کہ ایک منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت سرکار کے کئی بڑے عہدہ داروں کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات کے بعد جموں کشمیر کے اس چھوٹے خطے میں سول ہلاکتوں کا گراف بہت بڑھ گیا ہے اور بے لگام فورسز کو معصوموں کے قتلِ عام کی لائسنس دی گئی ہے۔ بیان میں کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیا گیا اور کہا کہ بھارت کی لاکھوں کی تعداد میں فوج نہتے اور عام کشمیریوں کے خلاف برسرِجنگ ہوگئی ہے اور یہاں کے نوجوانوں کو چن چن کرقتل کررہی ہے۔ چیرمین حریت سید علی گیلانی نے حریت قائدین پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین اور نعیم احمد خان کو عدالتی ریمانڈ پر تہاڑ جیل منتقل کرنے جبکہ شبیر احمد شاہ، ایاز اکبر، شاہد الاسلام اور فاروق احمد ڈار کو مسلسل تہاڑ جیل میں نظربند رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی چیف منسٹر اقتدار کی کرسی سے چمٹی ہوئی ہے اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے انہوں نے کشمیری قوم پر ایک خطرناک جنگ مسلط کی ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ NIAآپریشن اور اس ایجنسی کے ذریعے حریت لیڈروں کی سرکاری اغوا کاری دراصل یہاں کے عوام کو خاموش اور ان پر دباو ڈالنے کے ہتھیار کے طور استعمال میں لایا جاتا ہے۔