مسلم لیگ نے شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا، حکومت کا دامن کا کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے: شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ رواداری، شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے، حکومت کا دامن کا کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے۔گزشتہ روز لاہور سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے،ہم نے چار برس کے دوران انتہائی شفافیت کیساتھ منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر کے ان ترقیاتی منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن سامنے نہیں آئی، مخالفین ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتے کیونکہ ہمارادامن کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے۔اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ کی حکومت ملکی ترقی اورخوشحالی کے جاری سفر کو پورا کرے گی ۔