اسلامی یونیورسٹی میں حقوق اطفال پر 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس
اسلام آباد (نامہ نگار) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی شریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام ”اسلام میںبچوں کے حقوق“ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہو گئی جس میں دنیا بھر سے ججز، صحافی، وکلاء، مذہبی سکالرز اور قانون دانوں سمیت دیگر اہم شخصیات اہم موضوعات پر تبادلہ خیال او ر مقالات کے ذریعے مستقبل میں بچوں کے حقوق بارے پالیسیوں اور جامع حکمت عملی وضع کے حوالے سے سفارشات مرتب کریں گے۔کانفرنس کا انعقاد شریعہ اکیڈمی اور یونیسف کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے کانفرنس افتتاحی تقریب کی صدارت ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کی جبکہ اس کے مہمان خصوصی قومی کمیش
برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان تھے جبکہ اس موقع پر صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، کئی ممالک کے سفراء،یونیسف کے نمائندگان، نائب صدر جامعہ ڈاکٹر محمد منیر اور یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباءکی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان نے کہا کہ کانفرنس کی سفارشات نابالغوں کے لیے بل کی تیاری میں اہم کردار اداکر سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بعض منفی عناصر مذہب کا نام استعمال کر کے بچوں کے حقوق کو پامال کرتے ہوئے انہیں خود کش حملوں جیسی تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کر رہے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے ۔ جسٹس چوہان نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی جیسی جامعات مسلم معاشروں میںبچوں کے حقوق کی پاسداری میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میںبچوں اور ان کے حقوق کے حوالے سے متوازن نصاب کی تشکیل پر بھی زور دیا ۔ اس موقع پر خطاب میں یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ بچوں کی کھیلوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے، بچوں کو نصاب کے حوالے سے تعلیم تو دی جاتی ہے لیکن تربیت کے عنصر کو پس پشت ڈال دیا جاتا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ تربیت کے فقدان کے باعث معاشروں میں بدعنوانی اور تشدد جیسے رجحانات پیدا ہوتے ہیں جن کا حل مناسب اور متوازن تعلیم و تربیت میں پنہاں ہے۔ کانفرنس سے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے انتہائی تفصیل کے ساتھ بچوں کے حقوق کا ذکر کیا ہے اور ان کی زندگیوں کے حوالے سے لائحہ عمل وضع کیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام بچوں کے حقوق پر خصوصی توجہ دیتا ہے اور ان کے رہن سہن سے لے کر تعلیم تربیت تک کے واضح احکامات بھی جاری کرتاہے۔ صدر جامعہ نے کانفرنس کے انعقاد پر شریعہ اکیڈمی کو مبارکباد دی ۔ کانفرنس کے پہلے روز مختلف نشستوں میں مقالہ نگاروں نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی جبکہ یہ کانفرنس 17 اگست تک جاری رہے گی۔