تحریک نوجوانان پاکستان کے زیراہتمام فکر حمید گل کنونشن کا انعقاد
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)تحریک جوانان پاکستان کے زیر اہتمام جنرل حمیدگلؒ کی برسی کی مناسبت سے فکرِ حمیدگل کنونشن کا انعقاد کیا۔ چیئرمین تحیرک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل سمیت سیاسی و مذہبی قائدین نے خطاب کیا۔ ملک بھر سے تحریک جوانان کی صوبائی قیادت اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبد اللہ گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنرل حمیدگل جسمانی طور پر ہم میں نہیں مگر انکا نظریہ ہمیشہ زندہ رہے گا آج ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت نے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا بھر میں حمیدگل کے کروڑوں نظریاتی بیٹے موجود ہیں۔ تحریک جوانان نرم انقلاب کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ جوانان کسی صورت بھی عدلیہ پر دباﺅ یا اس کی آزادی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ آج کی اس تقریب کا مقصد کرپٹ عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ آزاد عدلیہ کی حفاظت کےلئے پاکستان کا ہر جوان سپاہی بن کر کھڑا ہو گا۔ عدلیہ پر کسی بھی قسم کا دباﺅ برداشت نہیں۔ اس موقع پر عدلیہ پر سیاسی دباﺅں اور توہین آمیز زبان کے استعمال کے خلاف قرارداد بھی منظور کی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مذید کہا کہ ہماری جدوجہد انتخابی نہیں انقلابی ہے۔ ہمیں اس نظام سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ اسلام میں سیاسی یا مذہبی فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ملک میں آرٹیکل 2-Aکے مطابق اللہ کی حاکمیت اعلیٰ کا عملی نفاذ کیا جائے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عدلیہ سارے چوروں کو پکڑے گی اور بلا امتیاز احتساب ہو گا۔ آج اپنے والد کی طرح احتساب کےلئے خود کو پیش کر تا ہوں۔ تمام حلقے یہ سن لیں ملک میں تمام کرپٹ ٹولوں کے احتساب تک کرپشن فری پاکستان کی تحریک جاری رکھےں گے۔آج سے ملک بھر میں کرپشن کےخلاف جہاد اور تحریک کا اعلان کرتے ہیں۔ کوئی سپاہی ہو یا کاروباری، جج ہو یا جنرل اب پاکستانی عوام کو حساب دینا ہے۔ ملکی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ کنونشن ٹوکن کنونشن ہے اگر مطالبات پر عمل ہوتا نظر نہ آیا تو میں عبداللہ حمید گل سر پر کفن باندھ کر لاکھوں نوجوانوں کے ہمراہ ایک سپاہی کی صورت میں سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ اب پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ پاکستان دنیا کو عدل اور مساوات کا متبادل نظام دے گا۔ ہمیں مغربی جمہوریت کے بت کی غلامی سے آزادی لینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی ہر ممکن امداد جاری رکھیں گے پاکستان کا ہر نوجوان کشمیری بھائیوں کے لئے قربان ہو جائے گا مگر بھارت سے آزادی پر سمجھوتا نہیں کریں گے قائد اعظم کے فرمان کے مطابق 1000سال کی جنگ کےلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر انہوں ے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل اور حفاظت کی ذمہ داری ہر نوجوان پر عائد ہوتی ہے ہم جوان سی پیک سمیت ملکی سالمیت کے ہر منصوبے کی حفاظت کریں گے۔ اس کنونشن میں عافیہ صدیقی کی رہائی کےلئے قرارداد بھی منظور کی گئی ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری عرفان اشرف، صدر خیبر پختونخواعرفان عالم، صدر شمالی پنجاب خان محمد خان، نذیر خان، جمیل کھوکھر سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کے اختتام پر مرحوم جنرل حمیدگلؒ کی روح کے ایثال ثواب کےلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاءنے جنرل حمیدگل کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔