پختہ یقین کے ساتھ تکمیل پاکستان کی منزل طے ہو سکتی ہے، گلزار احمد نعیمی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پختہ یقین کے ساتھ تکمیل پاکستان کی منزل طے ہو سکتی ہے،جن قوموں میں عزم و یقین زندہ ہوتا ہے وہ قومیںزندہ ہوتی ہیں ۔ہمیں کامل یقین کے ساتھ تکمیل پاکستان کی منزل کی طرف بڑھنا ہو گا۔ ہمیں اس کیلئے متحد ہونا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہارمفتی گلزار احمد نعیمی مرکزی صدر جماعت اہل حرم پاکستان نے جشن آزادی کے سلسلہ میں جماعت اہل حرم پاکستان (یوتھ ونگ ) کے زیر اہتمام ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماءکی ذمہ داری دو چند ہے کہ وہ اپنے خطبوں میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کریں ۔اہل فکر و دانش کی ذمہ داری ہے کہ وہ نظریہ پاکستان کو اپنی گفتگو کا موضوع بنائیں ۔ ہمیں نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنا ہو گا۔ اپنی نئی نسل تک مقاصد قیام پاکستان پہنچانا ہوں گے ۔ہمیں آئین پاکستان کا تحفظ کرنا ہو گا جو لوگ آئین میں تبدیلی کر کے اس پر شب خون مارنا چاہتے ہیں ان کو روکنا ہو گا۔کانفرنس سے علامہ ابرار حسین قادری، سفیر احمد فرخ ایڈووکیٹ، صاحبزادہ کاشف گلزار احمد نعیمی، انجینئر عثمان گل خٹک، محمد طاہر نعیمی، محمد عارف ، علامہ محمد فاروق، محمد ریاض،محمد ذوالقرنین ایڈووکیٹ، جمشیدملک اورحسنین ولید نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جماعت اہل حرم (یوتھ ونگ) تحصیل جنڈ کی باڈی نے حلف بھی اٹھایاکثیر تعداد میں عوام الناس اور نوجوانوں نے اس میں شرکت کی ۔