انسدادِ بحری دہشت گردی سینٹر‘ سیکنڈ فورس پروٹیکشن بٹالین کے قیا م کی تقریبات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) انسدادِ بحری دہشت گردی سینٹر اور سیکنڈ فورس پروٹیکشن بٹالین کے تعمیراتی کام کے آغاز کی تقریبات گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوئیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے ان تقریبات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم بھی ان مواقع پر موجود تھے۔ انسدادِ بحری دہشت گردی سینٹر کے قیام کا مقصد اسپیشل آپریشن فورس (نیوی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خصوصی دستوں کو سمندر میں ہونے والی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس سینٹر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ تربیتی سہولیات مہیا کی جائیں گی جن میں لائیو فائر شوٹ ہاﺅ سز، نشانے بازی میں مہارت کی مشق کی سہولت ، شہری ماحول و زمینی حالات میں فوجی تربیت، کلوز کوارٹر کمبیٹ رینجز اورسیمولیٹرز وغیر ہ شامل ہیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کراچی میں سیکنڈ فورس بٹالین کے تعمیراتی کام کا افتتاح بھی کیا۔ سیکنڈ فورس پروٹیکشن بٹالین پاک میرینز کا ایک آپریشنل جزو ہے۔ اس کے قیام کا مقصد کراچی بندرگاہ اور کراچی میں قائم حساس ساحلی تنصیبات کا تحفظ، دشمن کے زیر آب آپریشنز کو ناکام بنانا، امدادی کارروائیاں اور قدرتی آفات کے دوران ریلیف آپریشنز کرنا ہے۔ پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز نے تقریبات میں شرکت کی۔