کراچی میںسی ٹی ڈی کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک
کراچی (صباح نیوز) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک کردیئے۔ منگھو پیر میں سی ٹی ڈی سے مبینہ مقابلے میں پولیس اور مزاروں پہ حملہ کرنے والے 2 ملزمان مارے گئے۔ پولیس کےمطابق ملزمان کا تعلق مفتی شاکر گروپ سے بتایا جاتا ہے ۔پولیس کے مطابق منگھوپیر نور محمد گوٹھ میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر سی ٹی ڈی نے جوابی فائرنگ کی اور ایک دہشت گرد موقع پر مار گرایا جبکہ دوسرازخمی حالت میں گرفتار کرلیا تاہم ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ اس موقع پر زخمی ملزم کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ملزمان کےخلاف کارروائی مچھر کالونی سےگرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ پولیس پر حملوں میں 2سے 3گروپ ملوث ہیں، کورنگی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر کیے جانے والے حملوں میں مفتی شاکر کا گروپ ملوث ہے۔اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں پولیس نے کاروائیاں کرتے ہوئے 18ملزمان گرفتار کر لئے۔