حج صرف عبادت، سیاسی رنگ دینے کی کوشش قبول نہیں:سعودی عرب
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی حکومت نے حج جیسی عظیم المرتبت عبادت کو سیاسی رنگ دینے کی غیرملکی سازشوں کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی کابینہ کااجلاس گذشتہ روز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت جدہ کے السلام محل میں ہوا۔ اجلاس میں تمام عازمین حج کو بلا تفریق مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اور ان کی وطن واپسی تک ہرممکن سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں واضح طور پرکہا گیا کہ سعودی عرب حج جیسی مقدس عبادت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے مطالبات کو قبول نہیں کرے گا چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہو جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حجاج اور معتمرین اللہ کی طرف سے بھیجے گئے مہمان ہیں۔ جب وہ بلائیں تو ان کا جواب دیا جائے اور جب وہ استغفار کریں تو ان کے لیے مغفرت طلب کی جائے۔ولی عہد نے کابینہ کو فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کے ساتھ ہونے والی حالیہ ٹیلیفونک بات چیت کے بارے میں بھی بتایا۔