ائرپورٹس پر اہم شخصیات کو پروٹو کول نہیں دیا جائیگا، وزارت داخلہ نے پابندی لگا دی
اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے ملک کے تمام ائیر پورٹس پر اہم شخصیات کو پروٹوکول دینے پر پابندی لگا دی۔ اس ضمن میں ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو انتباہ کیا گیا کہ وفاقی ادارے کا کوئی بھی افسر ہوائی اڈے کے کسی بھی کاﺅنٹر پر مسافر کو پروٹوکول نہیں دیگا۔ اس ضمن میں ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی افسر کسی کاﺅنٹر پر مسافر کو پروٹوکول دیتا ہوا دکھائی دیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈائریکٹر امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امیگریشن کاﺅنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لازمی مانیٹر کیا جائے اور اگر کوئی افسر کسی کانٹر پر پروٹوکول دیتا پایا گیا تو امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا جبکہ عملے اور شفٹ انچارج کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔