سپاٹ فکسنگ : شاہ زیب حسن کی عبوری معطلی ختم کرنے کی درخواست داخل دفتر
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں مبینہ ملوث شاہ زیب حسن کی عبوری معطلی ختم کرنے کی درخواست داخل دفتر کر دی، فیصلہ کرکٹر کے وکیل کی جانب سے سماعت میں عدم پیروی پر کیا گیا، پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ شاید شاہ زیب حسن کے وکیل کو اپنے کلائنٹ کے خلاف موجود ٹھوس شواہد کے باعث درخواست مسترد ہونے کا اندیشہ ہو، تاہم اس درخواست پر اب مزید کوئی کارروائی نہیں ہو گی، پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں شاہ زیب حسن کیس کی سماعت تین رکنی اینٹی کرپشن ٹربیونل آج سہ پہر دو بجے کرے گا۔ شاہ زیب حسن نے عبوری معطلی کے خلاف پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کو درخواست دے رکھی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کی معطلی بے جا ہے اور اس سے ان کی روزی کمانے کا ذریعہ ختم ہو گیا ہے لہذا اسے ختم کیاجائے۔مگرڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) اصغر حیدر کی جانب سے منعقدہ سماعت میں شاہ زیب حسن خود حاضر نہیں تھے تاہم ان کے وکیل کاشف رجوانہ پیش ہو ئے مگر ان کی جانب سے درخواست کی پیروی پر زور نہیں دیا گیا جس پر ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین نے ان کی درخواست داخل دفتر کر دی۔ شاہ زیب کے وکیل کاشف رجوانہ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اب شاہ زیب کی اس درخواست پر مزید کوئی کاروائی نہیں ہو گی۔ شاہ زیب کے وکیل کو شاید احساس ہو گیا تھا کہ ان کے کلائنٹ کے خلاف پی سی بی کے پاس ٹھوس شواہد ہیں جس بنا پر انہوں نے اپنی درخواست پر زور نہیں دیا۔ اب اس پر مزید کوئی کارروائی نہیں ہو گی تاہم اگر وہ چاہیں تو انہیں اس درخواست کی سماعت کے لئے دوبارہ درخواست دینا ہو گی۔ تفضل رضوی نے بتایا کہ شرجیل خان کے کیس کا فیصلہ 26اگست تک آ جائے گا۔ کیس میں ملوث ایک اور کرکٹر خالد لطیف کے طریقہ کار بارے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ خالد لطیف کے وکیل جو طریقہ اپنا رہے ہی وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے۔