راجر فیڈرر کمر کی تکلیف کے باعث سنسناٹی ماسٹرز ٹینس سے دستبردار ہو گئے
واشنگٹن (اے پی پی) شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ انیس مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر فٹنس مسائل کے باعث سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔ فیڈرر مونٹریال ماسٹرز کے دوران کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، انہیں ایونٹ کے فائنل میں جرمن حریف الیگزینڈر زیوریف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فیڈرر نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد مجھے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ میں یو ایس اوپن سے قبل سو فیصد فٹ ہو سکوں اسلئے میں نے سنسناٹی ماسٹرز سے دستبرداری کا اعلان کیا۔سوئس سٹار اور 19 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر کی سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے بعد ہسپانوی سٹار رافیل نڈال آئندہ ہفتے دوبارہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کریں گے، نڈال جولائی 2014ءکے بعد پہلی مرتبہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائیں گے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی موجودہ رینکنگ کے تحت برطانیہ کے اینڈی مرے سرفہرست ہیں۔ مرے بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اسلئے وہ سنسناٹی ماسٹرز میں حصہ نہیں لے رہے جبکہ فیڈرر جو کہ کمر کی تکلیف سے دوچار ہیں بھی سنسناٹی ماسٹرز میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے اسلئے نڈال کے پاس دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع آ گیا ہے۔