قندوز: خودکش حملہ‘ 4 اہلکار ہلاک‘ 20 زخمی‘ مزید فوج بھیجنے کی بجائے افغانستان سے نکلیں: طالبان کا ٹرمپ کو خط
کابل (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی+اے ایف پی) افغانستان میں خود کش دھماکے میں 4افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔ خود کش حملہ آور نے فلافر میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا، 20افراد زخمی بھی ہوئے جن کو ہسپتال منقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر افغان طالبان نے امریکی صدر کے نام لکھے خط میں کہاہے کہ افغانستان میں مزید فوج بھجوانے کی بجائے امریکی اور نیٹو فوجیوں کے مکمل انخلاء پر غور کریں ٗ امریکی اور اتحادی افواج کی16سالہ موجودگی کے باوجودافغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکا،ٗ افغانستان انتظامی امور میں سب سے کرپٹ اور معاشی لحاظ سے غریب ترین ملک میں تصور کیا جاتا ہے، افغان عوام تمہارے دست نشین جھوٹے، کرپٹ حکمرانوں کے دعوئوں اور نعروں پر اعتماد نہیں کرینگے ٗ کرائے کی قاتلوں ٗ بدنام سکیورٹی کمپنیوں اور بے ضمیر غلاموں سے جنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی ۔ تمہاری فوج نے ہمارے ملک میں مکمل 16 برس گزارے اور افغانستان کو مسخر کرنے کیلئے تمام قوت کو بروئے کار لایا ٗاس کے باوجود افغانستان میں تمہاری 16 سالہ موجودگی کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج افغانستان سیکورٹی کے لحاظ سے سب سے نا امن ٗانتظامی امور میں سب سے کرپٹ اور معاشی لحاظ سے غریب ترین ملک تصور کیا جاتا ہے۔ آپ کی جانب سے 16 برسوں کے دوران کس حکومت کی اقتدار کیلئے اربوں ڈالر ضائع ہوئے، ہزاروں فوجی ہلاک و زخمی یا ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہوئے ٗوہ حکومت اس قابل نہیں ہے کہ جس کا صدر اپنے نائب کیساتھ ملکررہاہو، اب آپ مشاہدہ کررہے ہو کہ صدارتی محل کے نائب جنگی مجرم جنرل دوستم ملک سے بیرون اشرف غنی کے خلاف اتحاد قائم کررہا ہے، ملک ہی میں ان کے خلاف گورنر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ارکان پارلیمنٹ ان کے اقتدار سے سبکدوشی کا مطالبہ کررہی ہے۔ بہتر یہ ہوگا کہ آپ ایک ذمہ دار امریکی صدر کے طور پر ان حقائق کا ادرا ک کریں اور حقائق پر مبنی فیصلہ کریں۔