میئر کراچی کا دورہ عباسی شہید اسپتال‘ مریضوں میں تحائف تقسیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے یوم آزادی کے حوالے سے عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مختلف وارڈز کا معائنہ کرنے کے علاوہ مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے متعلق دریافت کیا، میئر کراچی نے مریضوں کو یوم آزادی کے موقع پر تحائف بھی دیئے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو ہر ممکن بہتر طبی سہولیات فراہم کریں تاہم فنڈز اور اختیارات محدود ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوپارہا، گزشتہ آٹھ سال میں کے ایم سی کے اسپتال تباہ و برباد کردیئے گئے، غریب مریض آج ہم سے سوال کرتے ہیں کہ ہم علاج کے لئے کہاں جائیں انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کراچی کی ایک چوتھائی آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرتا ہے اور یہاں یومیہ ہزاروں مریض او پی ڈی میں آتے ہیں ، 900 بستروں کا یہ اسپتال تمام تر دشواریوں کے باوجود شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ میئر کراچی نے اس موقع پر مریضوں کے ہمراہ موجود تیمارداروں سے علاج کے متعلق دریافت کیا اور شکایات کے فوری ازالے کے احکامات بھی جاری کئے۔