مسلم لیگ ن کی حکومت نے کرپشن فری کلچر دیا‘ مخالفین بھی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو ملکرکام کرنا ہے پاکستان ہم سب کا وطن ہے اوراسے ملکر خوب سے خوب تر بنانا اور سنوارنا ہے۔ یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے، اتحاد کی قوت سے پاکستان آگے بڑھے گا۔ ’’میں‘‘کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیا ہے۔ ملک و قوم کی خاطر ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔ قومی منصوبوں پر سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ پاکستان کے منصوبے ہم سب کے سانجھے منصوبے ہیں اور ہمیں ملکر ان منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے تاکہ عوام ان منصوبوں سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکیں۔ شہبازشریف نے ایک بیان میںکہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ رواداری، شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔ برداشت، تحمل اور بردباری کے جذبات کو فروغ دیکر ہی پاکستان کو امن کا گہوارا اور ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنارکیاجاسکتا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن سامنے نہیں آئی اور مخالفین بھی ہم پر انگلی نہیں اٹھاسکتے۔ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ بڑے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے اورتیزرفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اورملک ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں پینے کے صاف پانی کے پروگرام کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلی نے پینے کے پانی کو ٹیسٹ کرنے کے لئے موبائل لیبارٹریز اور موٹر بائیکس، واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔