’’پولیس لیگل افیئرز مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی گئی‘‘: عارف نواز خان
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہا ہے کہ سنٹرل پولیس آفس، آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے متعلقہ عدالتی کیسز میں پیروی افسران کی مانیٹرنگ اور سماعت کی تاریخ سے قبل کیسزکے حوالے سے بروقت تیاری کو یقینی بنانے کیلئے کمپیوٹر ایپلی کیشن " پولیس لیگل افیئرزمانیٹرنگ ایپ" کے نام سے متعارف کرادی گئی جس سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ تمام پیروی افسران عدالتوں میں پیش ہونے کے بعدنہ صرف عدالتوں کی جانب سے دی گئی ہدایات/ ریمارکس اور کیس کی اگلی تاریخ کے بارے میںمعلومات اس ایپلی کیشن میں فوری فیڈ کریں بلکہ متعلقہ پولیس افسران کو بھی اس حوالے سے بلا تاخیرمطلع کریں۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس ایپ کی مدد سے سنٹرل پولیس آفس ، آرپی اوز اور ڈی پی اوز کے دفاتر سے متعلقہ تمام عدالتی کیسز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ اور اپ ڈیٹ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںلیگل ونگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔