جامعہ این ای ڈی‘بیچلر آف انجینئرنگ میں داخلوں کا آغاز ہفتے سے ہوگا
کراچی(نیوز رپورٹر) جامعہ این ای ڈی نے بیچلر آف انجینئرنگ سال اول میں داخلوں کے لئے ہفتہ19 اگست کو ایڈیشن ٹیسٹ کا اعلان کردیا جبکہ سندھ بھر میں بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان تاحال کوئی بورڈ نہیں کرسکا ہے۔ پرووائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو جوکہ ایڈمیشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں کا کہنا ہے کہ طلبا کی پڑھائی متاثر ہونے سے بچانے کے لئے جامعہ این ای ڈی نتائج کے اجراء سے قبل ہی ایڈمیشن ٹیسٹ لے رہی ہے تاکہ ایڈمیشن ٹیسٹ کے نتائج تیار کرلئے جائیں اور بورڈ کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی فوری طور پر میرٹ لسٹ کا اجراء کرکے طلبا کا قیمتی وقت بچایا جاسکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ٹیسٹ کا فائدہ بھی طلبا کو پہنچے گا جو امتحانات سے حال ہی میں فارغ ہوئے ہیں۔ امتحان کے لئے کی گئی تیاری ان کے ذہنوں میں تازہ بھی ہے اور وہ فریش بھی ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے کہ اگست کے آخر یا ستمبر کے پہلے تک تمام تعلیمی بورڈ نتائج کا اعلان کرچکے ہوں گے لہٰذا یکم ستمبر سے این ای ڈی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں داخلوں کا باقاعدہ مرحلہ شروع کردیا جائے گا جبکہ یکم نومبر سے کلاسوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔