100 برس پرانے ریسٹورنٹ اسٹار کلب میں جشن آزادی مشاعرہ
کراچی(کلچرل رپورٹر)اردو لغت بورڈ کے مدیر اعلیٰ اور معروف شاعر عقیل عباس جعفری نے کہا ہے کہ کراچی میں ایسے ریستورانوں کی بہت کمی ہے جہاں ادیب و شعراء اکھٹے ہوکر تبادلہ خیال کرسکیں۔ وہ100 برس پرانے ریستوران اسٹار کلب میں جشن آزادی مشاعرہ میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب شہر تہذیبی مراکز ریستورانوں کی شکل میں ہوا کرتے تھے اسٹار کلب بھی شعر و ادب اور ثقافت کا مرکز بن سکتا ہے معروف ادیبہ عذرا اصغر نے کہا کہ ہم جو پاکستان دیکھنا اور بنانا چاہتے تھے وہ پاکستان بن نہیں سکا۔ کوشش کی جائے کہ ہم اپنے ملک کو سنواریں اور نکھاریں بعد ازاں محفل مشاعرہ میں عقیل عباس جعفری‘ اختر سعیدی‘ حامد علی سید‘ ججاب عباسی‘ نثار احمد نثار‘ عنبرین حسیب عنبر‘ شکیل جعفری‘ آفرین فرحت اور کشور عدیل جعفری‘ ناظم مشاعرہ سلمان صدیقی نے کلام سنایا۔ مشاعرہ کے میزبان عنبر تاجور نے اظہار تشکر کیا۔