وزیراعظم نے بارش سے متاثرہ سندھ کے چھ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیدیا‘ ریلیف پیکج کا اعلان
بدین + گولارچی (نامہ نگار + وقت نیوز + ایجنسیاں) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سندھ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹنڈو محمد خان میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بہت دکھ ہوا نقصانات کا جائزہ لینے آیا ہوں۔ بی بی کے صوبے کے لوگ بہت ہمت والے ہیں اس قوم نے ہمیشہ پاکستان کیلئے بہت کام کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر متاثرین کو 15 ہزار ٹینٹ اور وطن کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا اور زرعی ترقیاتی بنک کو ہدایت کی کہ کاشت کاروں کو بلاسود قرض فراہم کیا جائے جبکہ متاثرین کو ادویات اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے‘ تباہ ہونے والی فصلوں کا نقصان پورا کیا جائے گا۔ اس حوالے سے سروے کیا جائے‘ صوبائی اور وفاقی حکومت کے تمام ادارے تعاون کریں گے۔ وزیراعظم متاثرین سے ملے اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعظم کو اس موقع پر پاک فوج اور دیگر امدادی ٹیموں کی جانب سے کی جانے والی امدادی کارروائیوں اور متاثرین کو دی جانے والی امداد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ حکومت شہید بےنظیر بھٹو کی ہے وہی وزیراعظم ہیں‘ ہم تو ان کے نمائندے ہیں۔ متاثرین کی امداد میں کسر نہیں چھوڑیں گے۔ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کی پوری طرح امداد کی جائے گی۔ وطن کارڈ کا اجرا کیا جائے گا‘ بیت المال‘ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آفت زدہ علاقوں کو ریلیف دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سندھ کے 6 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ وزیراعظم نے ان علاقوں میں خوراک‘ پینے کے صاف پانی‘ ادویات اور خیموں کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین کی مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ متاثرین کو ہر طرح کی امداد فراہم کریںگے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹنڈو محمد خان میں پندرہ ہزار خیمے فوری طور پر فراہم کئے جائیں۔ زرعی ترقیاتی بنک غریب کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرے۔ متاثرین برسات کو جلد وطن کارڈ جاری کئے جائیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال کے ذریعے متاثرین برسات کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ وزیر اعظم نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرین کی ہرممکن امداد کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے متاثرین میں امدادی اشیاءتقسیم کیں۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سندھڑی میں این ڈی ایم اے اور ڈی پی ایم اے کی جانب سے شدید بارشوں سے متاثرہ میرپور خاص‘ بدین‘ تھر‘ عمر کوٹ اور ٹنڈو محمد خان کے اضلاع میں ہونے والے نقصان اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ میرپور خاص کی چوبیس یونین کونسلز کو آفت زدہ قرار دیا گیا‘ بدین میں ایک سو پچانوے کلومیٹر روڈز بارشوں سے متاثر ہوئیں۔ ٹنڈو محمد خان ایک لاکھ ستائیں ہزار ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی ہے جبکہ میرپور خاص میں دو لاکھ اور تھرپار کر میں دو لاکھ پچھتر ہزار افراد متاثر ہوئے۔ مختلف اضلاع میں سینکڑوں ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر متاثرین کو رہائش اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپوں میںکھانے پینے کی اشیا اور ادویات وافر مقدار میں میسر ہونی چاہئیں‘ ہسپتالوں میں زیر علاج افراد کو بہترین طبی امداد دی جائے۔ دریں اثنا وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا‘ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ‘ وفاقی وزیر سید خورشید شاہ‘ نوید قمر زمان شاہ‘ صوبائی سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ساتھ ترائی کے قریب آرمی پبلک سکول میں قائم ریلیف کیمپ کے دورہ کے موقع پر بارش متاثرین میں راشن کی تقسیم اور ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا شہید بے نظیر بھٹو کے صوبے کے عوام پر ہمارے بہت سے قرض ہیں اور شہید بے نظیر بھٹو کے ان چاہنے والوں کا مشکل وقت میں وفاقی اور صوبائی حکومت ہر صورت میں ساتھ دے گی ہر مکمل مدد کرے گی اور نقصانات کے سروے اور تخمینہ کے بعد ازالہ کیا جائے گا اور وزارت خزانہ زرعی بنک کو متاثرہ علاقوں کے قرضے معاف کرنے کی ہدایت کی۔ متاثرہ زیر آب علاقوں کے متاثرین کی مدد اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے پاکستان ایئرفورس کو بھی ریسکیو آپریشن کے لئے کہا جائے گا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گولارچی پہنچ کر برسات متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور آرمی پبلک کالج میں متاثرین برسات سے ملاقات کی اور راشن تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ‘ سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا‘ ذوالفقار مرزا‘ خورشید شاہ‘ نوید قمر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وزیراعظم گیلانی
وزیراعظم گیلانی