پشاور میں گھریلو رنجش اور رشتے کے تنازع پر دو مختلف واقعات میں تیرہ افراد کو قتل کردیا گیا۔
پشاور کے علاقے شاہین بازار کے محلہ نورالاسلام میں امجد حسین نامی شخص کے گھر سے فائرنگ کی آوازآئی، جس پر اہل محلہ نے اندر داخل ہو کر دیکھا تو امجد کی بیوی اور تین بچے جاں بحق ہوچکے تھے۔ جبکہ وہ خود زخمی حالت میں تھا، اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچایا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ امجد حسین نے اپنے بیوی بچوں کو قتل کر کے خودکشی کی ہے۔ تاہم واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب تھانہ خزانہ کے علاقے گڑھی خان بابا میں ذوالفقار نامی شخص نے ساتھیوں کی مدد سے ایک گھر میں گھس کر اندھا دند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین خواتین، ایک بچی اور چار مردوں سمیت آٹھ افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کو رشتہ کے تنازع کا نتیجہ قرار دیا ہے۔