متحدہ کی حکومت میں واپسی کے حوالے سے رحمن ملک کے کردار کو فراموش کرنا ممکن نہیں۔ فردوس عاشق اعوان
پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ صدارتی ایوارڈ کی نامزدگیاں میرٹ پر ہیں۔ قوم پرست بے جان بت ہے جو کونسلر کا الیکشن نہیں جیت سکتے وہ سندھ کارڈ کیا کھیلیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوری نتھ اور مولاجٹ کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ، ہم نے مفاہمت سے سیاست میں نیا ٹریند متعارف کروایا ہے شریف برادران بچگانہ سیاست کررہے ہیں وہ صرف رائے ونڈ کے گرد گھومنے والے مفادات کو دیکھ رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی اظہار کے لیے یہاں آئی ہوں ۔اس موقع پر سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہڑتالیں وہ لوگ کرتے ہیں جو لوگ آمریت میں خاموش اور جمہوریت میں جاگتے ہیں، سب کو پتہ ہے کہ ان کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جاتی ہیں شریف برادران کے پاس سیاست کے لیے کوئی اخلاقی گراؤنڈ موجود نہیں اسی لیے وہ الزام تراشی کی سیاست کررہے ہیں۔