وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس انیس اگست کو ہوگا
دفترخارجہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وہ نیو یارک روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ کئی عالمی راہنماوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ یہ اجلاس پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ہوگا جس میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون اپنے دورہ پاکستان سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹو کے چھ رکن ممالک کے وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری سے امداد حکومتی پالیسی کے اندر رہتے ہوئے مانگ رہے ہیں کیونکہ جتنی بڑی تباہی ہوئی ہے اس کا مقابلہ صرف ملکی وسائل سے کرنا ممکن نہیں، ہمیں اپنے بجٹ کا بھی نئے سرے سے جائزہ لینا ہوگا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پرعالمی برادری ہمدردی کے جزبات رکھتی ہے، ہم امدادی سرگرمیوں پرعالمی برادری اور قوم کو مطمئن کرنے کیلئے شفاف ترین میکنزم بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ، جاپان اور دیگر ممالک نے ہماری اپیل کا مثبت جواب دیا ہے جبکہ چین نے عطا آباد کے بالائی علاقوں کی آبادی کی ذمہ داری لیتے ہوئے سیلاب متاثرین کیلئے سات کروڑ یوآن امداد دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے او آئی سی کا اجلاس بلانے کی بھی اپیل کی ہے۔