ننکانہ+ شکر گڑھ (نامہ نگار) بیساکھی میلے کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ پاکستان میں امن ، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سکھ یاتری ننکانہ سے کرتار پور چلے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے الوداع کیا۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے رہائش، لنگر، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانیوں نے اتنا مان دیا کہ پاکستان سے جانے کو دل نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں پروپیگنڈا کیا جاتا ہے حالانکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ دریں اثنائکرتار پور میں 326 ویں بیساکھی میلہ کی تقریبات کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے براستہ واہگہ بارڈر آئے تین ہزار یاتری بسوں کے ذریعے دربار صاحب کرتار پور پہنچے۔ 3 ہزار یاتری سخت سکیورٹی میں ننکانہ سے کرتار پور پہنچے، دو روزہ قیام کے دوران یاتری دربار بابا گرو نانک پر ماتھا ٹیکیں گے۔
بیساکھی میلہ کی تقریبات ختم‘ سکھ یاتری ننکانہ سے کرتارپور چلے گئے
Apr 16, 2025