لاہور: لاکھوں کے ڈاکے‘ کوٹ عبدالمالک میں خاتون دہلیز پر قتل‘ شوہر زخمی

Apr 16, 2025

لاہور + فیروز والا (نامہ نگار) ڈاکوئوں اور چوروں نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ کوٹ عبدالمالک میں خاتون قتل اور شوہر کو زخمی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ریس کورس کے علاقے میں یاسین کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بناکر5 لاکھ  مالیت، گلشن اقبال میں سیماب کے گھر سے3 لاکھ ‘ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون و دیگر سامان، گارڈن ٹاؤن حامد سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، جوہر ٹاؤن رجب ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، شاہدرہ ٹاؤن میں قدوس سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، اکبری گیٹ میں محمود سے 47ہزار روپے اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں نادر سے31 ہزار روپے اور موبائل فون، نولکھا میں وحید سے29 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے جوہر ٹاؤن اور ڈیفنس کے علاقوں سے دو کاریں، مزنگ کے علاقے سے رکشہ جبکہ مصری شاہ، مصطفیٰ آباد، ہنجروال، شاہدرہ، شیرا کوٹ اور نواں کوٹ کے علاقوں سے6 موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ دریں اثناء قصبہ بھلے اندرون (کوٹ عبدالمالک) کا نوجوان عثمان اپنی بیوی انم  بی بی کے ہمراہ لاہور سے رکشہ پر گھر جا رہا تھا کہ گھر کی دہلیز پر  موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ میاں بیوی نے ڈاکوؤں کے ساتھ ہاتھا پائی کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ گولی خاتون انم بی بی کے سر پر لگی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئی جبکہ اس خاوند کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈاکو خاتون کی طلائی بالیاں، چوڑیاں انگوٹھیاں جبکہ مقتولہ کے خاوند سے 80 ہزار روپے مالیت کا موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں