وی سی تعیناتی کیس، سپریم کورٹ کا وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو طلب کرنے کا عندیہ 

Apr 16, 2025

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے خیبر پی کے  یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کی حوالے سے کیس میں ریمارکس دئیے ہیں کہ بظاہر خیبر پی کے حکومت نے جان بوجھ کر تعیناتیوں کو التوا میں رکھا۔ عدالت عظمیٰ نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خیبر پی کے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ بنچ میں جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے۔ جسٹس شاہد وحید نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس دو راستے ہیں، یا تو آپ اپیل واپس لے کر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کریں، یا پھر ہم وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اپنایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور اس وقت اسلام آباد میں ہی ہیں، خیبر پی کے حکومت سے ہدایات لینے کیلئے ایک دن کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو خیبر پی کے حکومت سے ہدایات لینے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں