اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وفاقی نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام نے ملاقات کی جس میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام، ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی گئی جبکہ آئندہ سال معیاری گندم کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بہتر بیج کے استعمال کے حوالے سے تجاویز پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا حکومت سمگلنگ خصوصاً گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی سمگلنگ کی موثر روک تھام کے لئے پرعزم ہے، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک کے لئے حکومت کی جانب سے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے، ایسی کاروائیوں میں ملوث عناصر اور افراد کے خلاف سخت قانون کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا موجودہ صورتحال خصوصاً ماہ رمضان کے پیش نظر گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے، ملک کے کسی حصے میں خوراک کی کمی درپیش نہ ہو، ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔ فخر امام نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔