بھارت عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششوں میں ناکام ہو گیا ہے، تہمینہ جنجوعہ
سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور اس نے خطے میں امن و ترقی کے لئے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔منگل کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے سہولت فراہم کر رہا ہے جو جاری رہے گی۔تہمینہ جنجوعہ نے جو وزارت خارجہ میں 35سالہ ملازمت مکمل کرنے کے بعد آج ریٹائرڈ ہو گئیں کہا کہ پاکستان کے بہت سے مخالفین موجود ہیں تاہم پاکستان نے ہمیشہ تمام مسائل کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔وزیراعظم کے آئندہ دورہ ایران کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ علاقائی روابط کے سلسلے میں یہ ایک اہم دورہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں نامزد سیکرٹری خارجہ سہیل مسعود نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں انتہائی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو الزام تراشی کا سلسلہ ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو حل کرنا چاہئے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔