اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمیشرہ فریال تالپور جعلی اکاونٹس کیس میں آج پھر عدالت پہنچ گے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 30 ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت جاری ہے۔اس موقع پر احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ پولیس کی اضافہ نفری بھی موجود ہے جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان کو احتساب عدالت سے دور رکھا جائے گا جب کہ عدالت آنے والے اطراف کے راستوں پر رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی ہیں۔اس سلسلے میں رجسٹرار احتساب عدالت اور اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق صدر کی پیشی کے پیش نظر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز کے 200 جوان و افسران بھی تعینات ہوں گے جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
میڈیا کو کمرہ عدالت تک رسائی دی جائے گی۔ تاہم سیکیورٹی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ رجسٹرار احتساب عدالت
آصف علی زرداری کی احتساب عدالت پیشی سے قبل سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے زرداری ہاؤس میں سابق صدر سے ملاقات کی اور احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔جعلی اکاونٹس کیس کی گزشتہ سماعت آٹھ اپریل کو ہوئی تھی۔ جس میں دو ملزم خواتین نے عدالت سے وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استشنی کی استدعا بھی مسترد کر دی تھی۔