دھمکیوں سے ڈرایا نہ جائے: شیری رحمن، عوام خود حکمرانوں کی چھترول کریں گے: کائرہ
لاہور +اسلام آباد (نامہ نگار، این این آئی) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اعجاز شاہ عوام کو دھمکیاں نہ دیں۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہواتو حکومت تنکے کی طرح اڑ جائیگی۔انہوںنے کہاکہ عوام مشکلات کے شکار ہیں کٹھ پْتلی حکومت کو ادراک نہیں۔انہوںنے کہاکہ عوام کے سامنے بڑے بڑے ڈکٹیٹر پانی پانی ہو جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وفاقی وزیر کا لب ولہجہ آمرانہ ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کی طرح ان کی کابینہ بھی سیاسی شعور سے خالی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اعجاز شاہ سازشی کردار سے قوم واقف ہے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہم جیلیں پہلے بھی دیکھ چکے ہیں ، چھترول کی دھمکیاں دیکر نہ ڈرایاجائے ، دورہ امریکہ کے دوران وزیر خزانہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات نہ ہونا باعث تشویش ہے،صدارتی نظام کے شوشے چھوڑنے والے 1971کو بھی یاد رکھیں۔ پیر کو یہاں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا کہ وزیر خزانہ عجلت میں واشنگٹن بھاگے اور واپس بھی آگئے۔انہوںنے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پہلے ہی مان چکی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اعجاز شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعجاز شاہ نے اپنی "پارلیمانی مہارت " اوراصلیت دکھا دی ہے۔وزیر موصوف کی شخصیت اور کارناموں سے پورا ملک واقف ہے۔نااہل حکمران اب عوام کو چھترول کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔وہ وقت دور نہیں جب مہنگائی کے مارے عوام ان حکمرانوں کی خود چھترول کریں گے۔اعجاز شاہ آئی بی کے سربراہ کے خول سے باہر نکلیں۔ایک وزیر کہتا ہے کہ ایک روٹی کھائیں، دوسرا کہتا ہے عوام کی چیخیں نکالیں گے، تیسرا عوام کو چھترول کی دھمکیاں دے رہاہے۔