شاہ محمود سے نیپالی اردنی سفیروں کی ملاقاتیں‘ تعلقات‘ عوامی رابطہ بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور نیپال نے دوممالک کے درمیان عوام رابطہ مہم کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ پیر کو یہاں پاکستان میں نیپال کی سفیر مس سیوا لمسال ادھیکاری نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں ۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات و دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور نیپال کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگوہوئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی اور نیپالی عوام کے آپس میں قریبی روابط ہیں اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیپال میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ فریقین کا دونوں ملکوں کے درمیان عوام رابطہ مہم کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ دریں اثناء پیر کو یہاں اردن کے سفیر میجر جنرل (ر) ابراہیم المدنی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں جس میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور اردن کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور اردن کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ نے اردن کے سفیر کی پاکستان میں تعیناتی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔