سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس‘ کے پی میں بجلی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت سوموار کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 552.708 ملین روپے کی لاگت کا 1 منصوبہ منظور ، جبکہ 209.5 ارب روپے کی لاگت کے 3 منصوبے مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیئے گئے۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں توانائی، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ،سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں توانائی کے تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ "تاجکستان اور پاکستان کے مابین کاسا 1000 کے تحت 500 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن سسٹم " 45989.08 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ جس کے تحت تاجکستان سے افغانستان کے ذریعے پاکستان کو بجلی فراہم کی جائے گی ،منصوبہ کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کا دوسرا منصوبہ انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کی جانب سے 552.708 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس کا مقصد خیبر پختونخواہ میں بجلی کی پیداوار میں اضافے کو تیز کرنا ہے ، جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ توانائی کا تیسرا منصوبہ انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کی جانب سے " بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجکٹ کی تعمیر" کا 85912.926 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کے تحت دریائے کنہار پر 310 میگاواٹ کا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ تعمیر کرنا ہے۔منصوبہ کو مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔