زندہ قومیں اپنے مشاہیر کی یاد منا کر اپنی زندگی کا ثبوت فراہم کرتی ہیں، زینب علویہ
اسلام آباد(نیوزڈیسک)انجمن دختران اسلام ،ام البنین ڈبلیو ایف ،گرلز گائیڈ اور سکینہ جنریشن کے زیراہتمام مرکزی امامبارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور اسلام آباد میں قافلہ امام عالی مقام حضرت حسین ؑ ابن علی علیہ السلام کی مدینہ منورہ سے روانگی کے سلسلے میں ’’یوم سفر شہادت ‘‘ کی مجلس منعقدہوئی۔ خطیبہ سیدہ زینب علویہ نے اس عہد کا اظہار کیا کہ شہید انسانیت حسینؑ ابن علی ؑ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یزیدی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے سنی شیعہ بھائی چارے کو عملی فروغ دیتے ہوئے مشن حسینیت جاری رکھا جائے گا۔ نواسہ رسولؐ امام عالی مقام حسین ؑابن علیؑ نے 28رجب کوامت محمدیؑ کی اصلاح، معروفات کے حکم اور منکرات سے روکنے کے لیے یزیدی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مدینہ منور ہ سے رخت سفر باندھا اور اپنے 72جانثاروں اور جگر پاروں کے ہمراہ تپتے صحرائے کربلا میں وہ انمول قربانی دی جس کی بدولت اسلام کو حیات جاوداں عطا ہوئی ۔